ایک پروفیشنل ریسومی ﴿ سی وی ﴾ بنانے کے لیے آپ کو کسی مائیکروسافٹ آفس کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس کام کے لیے گوگل ڈاکس ہی کافی ہے، جس میں کئی خوبصورت اور پروفیشنلز ٹیمپلیٹس مفت موجود ہیں۔ اگرچہ مائیکروسافٹ آفس بھی آن لائن ’’آفس ویب ایپس‘‘ کی صورت میں دستیاب ہے لیکن اس میں محدود ٹیمپلیٹس ہیں جبکہ ریسومی کا تو ٹیمپلیٹ ہی موجود نہیں۔ اس کے علاوہ فارمیٹنگ وغیرہ بھی خود ہی کرنی پڑتی ہے۔ اس کام کے لیے گوگل ڈاکس بہت ہی آسان اور تیز طریقہ ہے۔ گوگل کی دیگر کئی سروسز کی طرح گوگل ڈاکس بھی مفت دستیاب ویب ایپلی کیشن ہے۔ گوگل ڈاکس اب گوگل ڈرائیو کا حصہ ہے جو کہ گوگل کی آن لائن فائل اسٹوریج سروس ہے۔
گوگل ڈاکس کو اپنا انتخاب بنانے کی ہماری وجہ اس میں موجود ٹیمپلیٹس ہیں۔ مائیکروسافٹ آفس میں ایک صفحے کی ہی سی وی بناتے ہوئے آپ پریشان ہو جائیں گے، کیونکہ اس میں کتنی ہی فارمیٹنگ کرنی پڑتی ہے۔ جبکہ یہی کام گوگل ڈاکس پر کرتے ہوئے آپ کو صرف اپنے کوائف کا اندراج کرنا ہے اور سی وی تیار ہو جائے گی۔
گوگل ڈاکس ٹیمپلیٹ گیلری میں جانے کے لیے درج ذیل یوآر ایل ملاحظہ کریں: https://drive.google.com/templates?view=public# ٹیمپلیٹس استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ پہلے اپنی جی میل آئی ڈی سے لاگ اِن ہو جائیں۔ اگر آپ کے پاس آئی ڈی نہیں ہے تو یہ بھی مفت بنائی جا سکتی ہے۔
گوگل ڈاکس کی ٹیمپلیٹ گیلری میں جائیں اور Resume لکھ کر سرچ کریں۔ کئی مفت ٹیمپلیٹس آپ کے سامنے موجود ہوں گے۔
ابتدائی سات ٹیمپلیٹس کے آگے لکھے By Google Docs کا مطلب ہے کہ یہ ٹیمپلیٹس گوگل نے خود تیار کر کے آپ کے لیے مفت فراہم کر رکھے ہیں۔ کسی بھی ٹیمپلیٹ کا مکمل ڈیزائن دیکھنے کے لیے اس کے سامنے موجود Preview پر کلک کریں۔ جو ٹیمپلیٹ آپ کو پسند آئے اور اسے آپ سی وی بنانا چاہیں تو اس کے آگے موجود Use this template کے بٹن پر کلک کریں۔ گوگل ڈاکس فوراً ہی اس ٹیمپلیٹ کو استعمال کرتے ہوئے آپ کے لیے نیا ڈاکیومنٹ پیش کر دے گا۔
اب اس میں تدوین کرنا بہت ہی آسان ہے۔ اپنے تمام کوائف کا اس میں اندراج کر دیں۔ ڈاکیومنٹ کو محفوظ کرنے کے معاملے میں بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ گوگل ڈاکس آپ کی ہر تبدیلی کو خودکار طریقے سے محفوظ کرتا جائے گا۔ یہ فائل آپ کے گوگل ڈرائیو اکاؤنٹ میں محفوظ ہو جائے گی۔ جسے دیکھنے کے لیے آپ اس ربط پر جائیں: drive.google.com
ریسومی مکمل ہو جانے کے بعد اسے گوگل ڈاکس سے ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔اگر آپ اسے براہِ راست پرنٹ کرنا چاہیں تو فائل مینو میں سے پرنٹ پر کلک کریں۔ پرنٹنگ کے لیے براؤزر کا پرنٹ آپشن مت سلیکٹ کریں، ورنہ پورا ویب پیج پرنٹ ہو جائے گا۔
اور اگر آپ کو فائل ای میل کرنے کے لیے ڈاؤن لوڈ کرنی ہو تو فائل مینو میں سے Download as پر کلک کریں اور اپنا مطلوبہ فارمیٹ جیسے کہ ڈاک یا پی ڈی ایف وغیرہ سلیکٹ کر کے فائل ڈاؤن لوڈ کر لیں۔